اردو اساتذہ کانفرنس میں20 ہزار اردو اساتذہ کی تقرری کا مطالبہ علیگڑھ: علیگڑھ نمائش میں منعقدہ یک روزہ اردو اساتذہ کی کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے چندر پال، ریٹائرڈ آئی اے ایس نے شرکت کی جب کہ مہمان اعزازی کی حیثیت سے محمد قمر عالم (چیئرمین، کنٹرول بورڈ برائے خواتین و اطفال، اترپردیش) نے شرکت کی۔ اس موقعے پر اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صدر کنور نسیم شاہد نے کہا کہ ہم سب کو اردو زبان کے لئے محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو دیگر مضامین کے ساتھ اردو زبان بھی پڑھانی چاہیے۔ ہم نے دس نکاتی ایک میمورنڈم ریاست اترپردیش کے وزیر اعلی کے نام مہمان خصوصی چندر پال، ریٹائرڈ آئی اے ایس کو دیا ہے تاکہ وہ حکومت تک ہمارے مطالبات کو پہنچا سکیں۔
: میمورنڈم میں مطالبات
1۔ 1970 سے اب تک اردو اساتذہ کی خالی نشستوں کو پُر کیا جائے، بیس ہزار اردو اساتذہ کی تقرری کی جائے تاکہ اساتذہ کو روزگار مل سکے۔
2۔ اردو کی کتابوں کو اردو طلباء تک پہنچائی جائے اور اردو کی کتابوں کو اردو اکیڈمی شائع کریں۔
3۔ حکومت کی جانب سے عیدالفطر اور عید الضحٰی کی تعطیلات میں کٹوتی کو بحال کیا جائے۔ کم سے کم دو دو دن کی تعطیل کا اعلان کیا جائے۔
4۔ حکومت کی جانب سے سرکاری دفاتر میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لئے دو گھنٹے کی اجازت دی جائے۔
میئر محمد فرقان، پروفیسر ضیاء الرحمان، سلمان شاہد آصف علی جاوید خان نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا اردو زبان کو فروغ دینے کے لئے اردو زبان کا استعمال اور گھروں میں نئی نسل کو اردو کو سکھانا بہت ضروری ہے۔ اردو زبان اور اردو اساتذہ کی تقرری سے متعلق میمورنڈم وزیر اعلیٰ کو بھیجا جائے گا کہ حکومت اردو اساتذہ سے متعلق مسائل حل کرے۔
یہ بھی پڑھیں:Appointment of Additional Judges تین ہائی کورٹس میں تیرہ ایڈیشنل ججوں کی تقرری
محمد قمر عالم (چیئرمین، کنٹرول بورڈ برائے خواتین و اطفال، اترپردیش) نے اردو زبان سے متعلق بتایا اگر اردو زبان کو قائم رکھنا ہے تو اردو زبان کو ہمیں اپنے گھروں میں لے جانا پڑے گا کیونکہ جو زبان مادری زبان بن جاتی ہے، گھروں میں بولی جاتی ہے وہ کبھی ختم نہیں ہوتی۔ پروگرام میں اردو کے طلباء و طالبات، سماجی کارکنان اور مثالی اساتذہ میں شامل کمار ماجد علی، بابو سنگھ تومر، شائستہ پروین، صدف نصرت جہاں، گلزار احمد، ہاشم انصاری، صابر خان، شان عالم، شارق مسرور، شبلی، طاہرہ پروین، اسماء مرتضیٰ، افشا بیگم سمیت دیگر کو اعزاز سے نوازا گیا۔