لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر دیا شنکر سنگھ نے بتایا کہ گاڑی خریداروں کو روڈ سیفٹی کے تئیں بیدار کرنے کے لیے تمام ٹو وہیلر اور فور وہیلر کے شو روم میں روڈ سیفٹی کارنر تیار کیے جائیں گے۔ عوام کو آسان اور محفوظ ٹرانسپورٹ کی فراہمی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ترجیح ہے۔پچھلی چند دہائیوں میں گاڑیوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے سڑک حادثات کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ 16 اپریل 2015 سے ریاست کے تمام اضلاع میں ڈیلر پوائنٹس پر نئی گاڑیوں کے رجسٹریشن کئے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 04 نومبر 2020 کے سرکلر کے ذریعے نئی گاڑیوں کی فزیکل فائل کو اے آر ٹی او آفس بھیجنے کی مجبوری کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ اب لوگوں کو اے آر ٹی او آفس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ نئے نظام کے تحت رجسٹریشن سے متعلق کام ڈیلر پوائنٹ پر ہی کیا جا رہا ہے۔