اترپردیش کے سہارنپور میں واقع دینی درس گاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے جاری اپیل میں کہاکہ 9 اپریل کو اپنے گھروں میں رہ کر ہی عبادت کریں۔
اس اعتبار سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات، شب برات ہے۔ اس رات میں ذکر وعبادت ، دعا واستغفار کی کثرت اور اس کے بعد والے دن روزہ رکھنے کی فضیلت احادیث سے ثابت ہے۔
لیکن کوئی عمل اجتماعی شکل میں کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے، اس رات میں قبرستان جانے کی ترغیب بھی نہیں دی گئی ہے۔
'شب برات پر مسلمان گھروں میں ہی عبادت کریں' ایک بار تنہا قبرستان جانا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے۔ اس کے باوجود بہت سے لوگ قبرستان یا مساجد میں اجتماعی طور پر جاتے ہیں اور مختلف اعمال کرتے ہیں۔
اس لیے تمام مسلمانوں کو متوجہ کیا جاتا ہے کہ موجودہ حالات میں جب کہ ضروری اعمال (نماز باجماعت اور جمعہ وغیرہ) کے لیے بھی نکلنے پر پابندی ہے۔
شب برا ت میں مساجد یا قبرستان جانے کا ارادہ بھی نہ کریں۔ اپنے بچوں اور جوانوں کو باہر نکلنے سے باز رکھیں۔ چراغاں یا آتش بازی جیسی رسوم اور گناہوں سے مکمل پرہیز کریں اور حسب توفیق، رات میں نوافل اور دعا واستغفار کا اہتمام حسب معمول گھروں میں رہ کر کریں۔