عالمی وبا کورونا وائرس کے کم ہوتی انفکشن شرح کے پیش نظر لمبے عرصے سے بند چل رہے اترپردیش کے اسکول جلد ہی بچوں سے گلزار ہونگے۔
کورونا انفکشن کے کم ہوتے معاملوں کے درمیان ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے جماعت ایک تا پانچ تک کے پرائمری اسکولوں کو یکم ستمبر اور جماعت چھ تا آٹھ تک کے اسکولوں میں درس و تدریس کا کام 23اگست سے شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاست کے محکمہ تعلیمات نے اس ضمن میں بدھ کو ضروری ہدایات سرکاری اسکولوں، منظور شدہ اسکولوں اور دیگر بورڈوں کے چلانے والے کالجوں کو جاری کئے ہیں۔
ریاست کے محکمہ تعلیمات میں اسپیشل سکریٹری آروی سنگھ نے ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو لکھے خط میں کہا ہے کہ کووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے جماعت ایک تا آٹھ تک کے اسکولوں کو کھولے جانے کی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔