بجنور: اترپردیش کے بجنور میں کوٹاوالی ندی کے پانی کی سطح میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ اس کی وجہ سے ندی کا پانی ہریدوار روڈ تک پہنچ گیا ہے۔ ہریدوار روڈ پر پانی آنے کی وجہ سے روڈ ویز کی بس اس میں پھنس گئی۔ ڈرائیور پانی کا اندازہ نہ لگا سکا اور بس نکالنے لگا، اسی چکر میں بس پانی کے تیز بہاؤ میں پھنس گئی۔ جس سے بس میں سوار مسافروں میں کہرام مچ گیا۔ بس میں تقریباً 25 مسافر سوار ہیں۔ کچھ مسافر بس کی چھت پر چڑ ھکر بچانے کی التجا کر رہے ہیں۔ امدادی کارروائی کے لیے ٹیم بھی پہنچ گئی ہے۔ پل کے اوپر کرین لگا کر بس کو الٹنے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ زندگی اور موت کے درمیان پھنسے مسافروں کو بچانے کے لیے منڈاولی تھانے کی پولیس فورس کے ساتھ موقع پر موجود ہے۔
پہاڑوں پر مسلسل بارش کی وجہ سے تمام ندی نالوں میں طغیانی ہے۔ بجنور کی کوٹا والی ندی میں بھی پانی بھر گیا ہے۔ ہفتہ کے روز مسافروں سے بھری بس ندی کو عبور کر رہی تھی کہ اچانک ندی کے تیز بہاؤ میں پھنس گئی۔ دوسری جانب بس کے پھنسنے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی ریسکیو ٹیم نے چھ سے زائد مسافروں کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ اتراکھنڈ کے ہریدوار اور بجنور کی ریسکیو ٹیم کے ذریعہ تمام مسافروں کو بحفاظت نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔