اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گزشتہ 24 اکتوبر کو دبئی میں پاکستان اور انڈیا کے مابین ہونے والے میچ میں پاکستان کی فتح کا اترپردیش میں جشن منانے والوں کے خلاف ملک سے غداری کے سخت قانون کے تحت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی یوگی ادیتہ ناتھ نے تمام اضلاع کے اعلی افسران کو یہ حکم جاری کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پورے اترپردیش میں ابھی تک سات افراد کے خلاف مقدمے درج کرکے کاروائی کی گئی۔
واضح رہے کہ آگرہ کے جگدیش پورہ تھانہ میں بی جے پی رہنماؤں کے ذریعے آگرہ کے آر بی ایس انجینئرنگ کالج میں تعلیم حاصل کر رہے تین کشمیری طلبا کے خلاف تحریر دی گئی، جس پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تینوں کشمیری طالب علموں کو گرفتار کر لیا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ان پر ملک سے غداری کی سخت دفعات کے تحت بھی کاروائی کی جا رہی ہے۔ ان طالب علموں پر دفعہ 153 اے 505(1)بی اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ آج انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ واٹس ایپ اسٹیٹس اسکرین شاٹ اور واٹس ایپ چیٹ سمیت متعدد ڈیجیٹل ثبوت اکٹھا کیے گئے ہیں، جسے کورٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔