ایودھیا: رام جنم بھومی مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے شخص اور اس کی بیوی کو مہاراشٹر کے احمدنگر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دو فروری کو صبح پانچ بجے رام جنم بھومی احاطے کے پاس رہنے والے منوج کمار کو کسی نے فون پر رام مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی تھی۔ ایودھیا کے سرکل آفیسر (سی او) شیلیندر کمار گوتم نے بتایا کہ منوج کمار کے پاس جس نمبر سے فون آیا تھا اس کی سرویلانس کے ذریعے جانچ کی گئی جس کے بعد معلوم ہوا کہ انل رام داس گھوڑکے عرف بابا جان موسی نام کے ایک شخص نے دہلی کے بلال نام کے ایک شخص کو پھنسانے کے مقصد سے نیٹ کالنگ کرتے ہوئے اس کے نام سے دھمکی دی تھی۔ ایودھیا پولیس نے جانچ میں معلوم کیا کہ ملزم نے اپنی گرل فرینڈ کے بھائی کو پھنسانے کے لیے اس کے موبائل نمبر کا استعمال کرکے مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔
پولیس کی ٹیم نے انل رام داس گھوڑکے اور اس کی بیوی جارڈن سنتن شانی ایشورا عرف آئرن سیٹرن ہیل کو احمدنگر کے ڈگراج مہاتما پوھلے کرشی ودیا پیٹھ علاقے سے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمین مسلسل پولیس کو گمراہ کر رہے تھے خود کو کبھی چینئی تو کبھی مہاراشٹر کا بتارہے تھے۔ پوچھ گچھ کے دوران انل نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر اپنی گرل فرینڈ کے بھائی بلال کے موبائل نمبر کا انٹرنیٹ کے ذریعے غلط استعمال کرتے ہوئے رام جنم بھومی اور دہلی میٹرو کو اڑانے کی دھمکی دی تھی۔