'یو پی 2022 کے اسمبلی انتخابات میں ضرور کامیاب ہوں گے' - پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب انصاری
پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب انصاری نے کہا کہ ہم اپنے ایجنڈے پر عوام کے پاس جائیں گے اور 2022 کے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں اکیلے میدان میں اتریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ہماری پارٹی پنچایت انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔
اتر پردیش کی دارلحکومت لکھنؤ کے پریس کلب میں پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب انصاری نے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس کے دوران پیس پارٹی کے ممبر و کسان لیڈر سانگوان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ "وہ اپنا پورا جسم دوسرے محتاج شخص کو عطیہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ ہم مرنے کے بعد بھی کسی ضرورت مند کے کام آ سکیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر ایوب انصاری نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی ہندو مسلم یا دلت نہیں ہوتی بلکہ وہ سیاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد الدین اویسی اپنے ایجنڈے کے مطابق شیو پال یادو اور راج بھر سے ملاقات کر رہے ہیں، یہ ان کا حق ہے۔ اس میں کسی بھی پارٹی کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
پیس پارٹی کے قومی صدر نے کہا کہ ہماری پارٹی یو پی میں سال 2022 کے اسمبلی انتخابات میں اکیلے میدان میں اترے گی۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم کامیاب بھی ہوں گے۔ ہماری پوری کوشش رہے گی کہ یو پی حکومت کا حصہ رہیں۔