کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ملک بھر میں 21 دن کا لاک ڈاون کیا گیا ہے۔ لاک ڈاون کے سبب تمام اسکولز، کالجز اور دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔
عام لوگوں کو مسلسل گھروں میں رہنے کی ہدایت دی جارہی ہے اور حکومتیں کسانوں، غریبوں اور مزدوروں کی ہر ممکن مدد کر رہی ہیں لیکن اس بحران میں بندیل کھنڈ کے للت پور ضلع کے بینک ادارے کسانوں پر قرضوں کی وصولی کے لئے نوٹس بھیج کر دباؤ ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے کسان پریشان ہو رہے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے بنڈیل کھنڈ کے کسان بینک اور ساہوکاروں سے قرض لے کر کاشتکاری کرنے کے لیے مجبور ہیں۔ اس برس کورونا وائرس کی وبا کے سبب کسانوں نے ابھی تک چنے، مٹر، دال اور گندم کی فصلوں کی کٹائی نہیں کی ہے۔
ضلع کے گاؤں ملواڑہ کلاں سمیت متعدد دیہاتوں میں پرتھما سرو یوپی بینک نے کاشتکاروں کو نوٹس جاری کیا ہے کہ وہ اپنے کے سی سی (کسان کرشی کارڈ) پر لیا گیا قرض جلد سے جلد ادا کر دیں ورنہ اس قرض کی عدم ادائیگی کی صورت میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔