مظفر نگر:ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں گزشتہ روز چند شاطر چوروں نے ایک ہندی روزنامہ کے دفتر کا تالہ توڑ کر لاکھوں روپے کے سامان پر ہاتھ صاف کر دیا تھا۔ اخبار کی جانب سے مقامی تھانے میں شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ شکایت درج ہونے کے بعد ہم نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور اس معاملے میں چار ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ دراصل یہ سارا معاملہ سول لائن تھانے کے علاقے میں واقع یونیک پلازہ مارکیٹ کا ہے جہاں 14 اگست کی رات ایک اخبار کے دفتر کا تالہ توڑ کر لاکھوں روپے کا سامان چوری کر لیا گیا تھا۔
پولیس نے مزید کہاکہ چار شاطر چوروں کو پولیس نے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی جن کے قبضے سے ایک چوری کی بلٹ موٹر سائیکل، اے سی کا آؤٹ ڈور، دو لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور موبائل فون سمیت بھاری مقدار میں چوری شدہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چوروں نے اس واردات کو انجام دینے سے پہلے یونیک پلازہ مارکیٹ میں لگے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو کاٹ دیا تھا۔