میرٹھ:ریاست اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں پچھلے دنوں مدرسے میں طلباء کے لیے حکومت کی جانب سے دی جانے والی اسکالرشپ میں کروڑوں روپے کی بدعنوانی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ریاستی وزیر دھرم پال سنگھ سینی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ میرٹھ پہنچے وزیر برائے اقلیتی امور اور حج دھرم پال سنگھ سینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ طلباء کو دی جانے والی وظیفہ کی رقم کو طلباء کے آدھار نمبر سے لنک کیا جا رہا ہے تاکہ ہردوئی جیسے واقعات دوبارہ نہ پیش آئے۔
ضلع ہردوئی مدارس طلباء کے وظیفہ کی رقم میں کروڑوں روپے کے غبن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جانکاری کے مطابق ہردوئی کے مدارس میں 3 کروڑ 60 لاکھ روپے کی اسکالرشپ کا غبن کیے جانے کی بات کہی جا رہی ہے. یہاں طلباء کے جعلی نمبر دکھا کر کروڑوں کے اسکالر شپ ہڑپ کی جارہی تھی ۔ لیکن جیسے ہی اسکالرشپ کے لیے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دیا گیا، مدارس کا گھوٹالہ بے نقاب ہوگیا۔