میرٹھ: لیسڑی گیٹ تھانہ علاقہ کے یمنا نگر میں مبینہ طور پر سسرال کے لوگوں نے بہو کی پٹائی کی اور اس پر تیزاب ڈال دیا جس کی وجہ سے خاتون جھلس گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ کے میکے والے اس کے سسرال پہنچے اور پولیس کو معاملے کی اطلاع دی۔ پولیس نے موقعے پر پہنچ کر خاتون کو علاج کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ خاتون کے میکے والوں نے شکایت درج کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شیام نگر کی رہنے والی گل افشاں کی شادی تقریباً 2 سال قبل لوہیا نگر تھانہ علاقہ کے رہنے والے حنیف کے بیٹے گلزار سے ہوئی تھی۔ شادی کے کچھ عرصے بعد ہی گل افشاں کے سسرال والوں نے جہیز نہ لانے پر اسے ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ متاثرہ نے اپنے دیور پر بھی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ متاثرہ کے مطابق اس نے دیور کی شکایت اپنے شوہر اور سسرال والوں سے کی تو انہوں نے الٹا اسے ہی مارنا شروع کردیا۔