مدرسہ کا نام آتے ہی لوگوں کے ذہنمیں ایک منفی تصور ابھرتا ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ مدارس کے طلبا کے اندر اتنی صلاحیت نہیں ہوتی کہ وہ مین اسٹریم کے طلبا کے ساتھ مقابلہ کر سکیں جبکہ یہ حقیقت نہیں ہے۔
اترپردیش کے کابینی وزیر برائے اقلیتی بہبود اوقاف و حج نند گوپال گپتا نندی نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ سبھی مدارس و افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ریاست کے سبھی مدارس میں بھی کھیلوں کو 'ایک ضلع، ایک کھیل' کے تحت فروغ دیا جائے۔
نند گوپال گپتا نے بتایا کہ اس کے لئے طلبہ کو مناسب وسائل بھی مہیا کروایا جائے گا۔ مدارس کے جو بھی طلبا کھیلوں میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہیں 'کھیلو انڈیا ایپ' پر رجسٹریشن کرانا ہوگا۔ اس سے مدارس طلبا کو بھی اپنا ہنر دکھانے کا سنہرا موقع فراہم ہوگا کیونکہ انہیں ضلع اور ریاستی سطح پر پروفیشنل کھلاڑیوں سے مقابلہ کرنا ہوگا۔
اس کے لیے سبھی اضلاع کے مدارس میں کھیل کے فروغ و حوصلہ افزائی کے لیے کمیٹی کی تشکیل دی جائے گی، جس میں کھیل سے دلچسپی رکھنے والے انتظامیہ کمیٹی کے ممبر، اساتذہ و طلبہ کو رکھا جائے گا۔
نند گوپال گپتا نے کہا کہ مدارس میں کھیل کو فروغ دینے کے لیے پوری مدد کی جائے گی۔ اس کے لیے مدرسہ بورڈ کے رجسٹرار، اقلیتی افسران اور مدارس کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ درجہ چھ سے درجہ آٹھ تک کے بچوں کو کھیل کے بارے میں اس کے معیار کی جانکاری و تربیت دی جائے۔ اسکول، تحصیل، ضلع اور ریاستی سطح پر کھیل مقابلوں کا انعقاد 'اتر پردیش فروغِ کھیل و حوصلہ افزائی ضوابط 2020 کے مطابق کیا جائے۔