ریاست اتر پردیش کے مدرسہ تعلیمی بورڈ سے وابستہ مدارس میں 19 اکتوبر سے کلاسز شروع ہونی ہے لیکن امتحانات فارم بھرنے کے تعلق سے ابھی تک تصویر صاف نہیں ہو پائی ہے۔
کورونا وبا نے انسانی زندگی کے ہر شعبہ کو متاثر کیا ہے۔ ایک طرف وبائی امراض نے سبھی کو گھروں میں قید کر دیا تھا، جس وجہ سے طلباء کے تعلیم پر خاصہ اثر پڑا ہے۔ وہیں امتحان فارم بھرنے پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے فون پر بات چیت کے دوران مدرسہ تعلیمی بورڈ کے رجسٹرار آر پی سنگھ نے بتایا کہ 'مدارس میں کلاسز چل رہی ہیں لیکن امتحان فارم کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں ہو سکا ہے کیونکہ بورڈ کی میٹنگ منعقد نہیں ہو پائی ہے۔'
امتحان فارم بھرنے پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں: رجسٹرار آر پی سنگھ انہوں نے بتایا کہ 'دیوالی کے بعد مدرسہ بورڈ کے ممبران کی میٹنگ منعقد ہوگی، جس میں غور و خوض کے بعد کسی نتیجے پر پہنچا جا سکتا ہے۔
مدرسہ رجسٹرار آر پی سنگھ نے کہا کہ 'کورونا وائرس کا خاتمہ ابھی نہیں ہوا لہذا محکمہ صحت کی اجازت بھی ضروری ہے۔'
رجسٹرار آر پی سنگھ نے بتایا کہ 'مدرسہ انتظامیہ کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ کووڈ 19 پروٹوکول کے مطابق سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے تعلیمی نظام کو آگے بڑھایا جائے، جہاں تک امتحان فارم یا امتحانات کے تیاری کی بات ہے تو فی الحال کچھ بھی کہنا جلد بازی ہوگی۔'
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ برس مارچ ماہ میں مدرسہ تعلیمی بورڈ کے امتحانات شروع ہو گئے تھے اور اپریل کے پہلے ہفتے میں امتحانات مکمل ہو گئے تھے لیکن امسال وقت پر امتحانات ہونا مشکل نظر آ رہا ہے۔