ہاتھرس: ہاتھرس کی بیٹی مسکان اگروال کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) اونا سے بی ٹیک کرنے کے بعد 60 لاکھ روپے کا سالانہ پیکیج ملا ہے۔ یہ پیکیج انہیں معروف آئی ٹی کمپنی لنکڈ اِن نے دیا ہے۔ ساتھ ہی ان کے نام ایک اور کارنامہ شامل ہو گیا ہے، 60 لاکھ روپے کا پیکیج حاصل کرکے وہ ہندوستان کی ٹاپ پیڈ ویمن کوڈر بھی بن گئی ہیں، جنہیں اتنا بڑا پیکیج ملا ہے۔
مسکان اگروال نے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کی تعلیم سینٹ فرانسس اسکول، ہاتھرس سے حاصل کی۔ انہوں نے سال 2015-16 میں ہائی اسکول کا امتحان پاس کیا، جس میں انہوں نے 10.0 سی جی پی اے حاصل کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے 12ویں میں 92.4 فیصد نمبر حاصل کیے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم کی تیاری شروع کی، جس کے لیے وہ راجستھان کے شہر کوٹا بھی گئیں اور جے ای ای کا ناٹرنس امتحان دیا۔ جہاں انہیں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اونا میں داخلہ ملا۔ انہوں نے بیچلر آف ٹیکنالوجی (بی ٹیک) الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔