علیگڑھ: اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں پولنگ جمعرات کو 38 اضلاع میں 370 شہری بلدیاتی اداروں، سات میونسپل کارپوریشنوں، 95 میونسپل کونسلوں اور 268 نگر پنچایتوں کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کے دوران صبح سات بجے سے پولنگ جاری ہے۔ صبح 11 بجے تک 18.19 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
اس سلسلے میں ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے بتایا کہ پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔ ضلع علیگڑھ سے تقریبا نو لاکھ ووٹرز ہیں اور میئر کے لیے چار مسلم امیدوار میدان میں ہیں۔ ابھی تک کی پولنگ کے مطابق تھانہ سول لائن کے کچھ پولنگ بوتھ پر ای وی ایم مشین میں گڑبڑی کی بھی شکایت ملی تھیں جن کو تبدیل تو کرا دیا گیا لیکن ووٹنگ دیر سے شروع ہوئی۔
ابھی تک کی ووٹنگ کے مطابق بی جے پی کے میئر امیدوار پرشانت سنگھل اور بی ایس پی کے سابق رکن اسمبلی میئر امیدوار حاجی ضمیر اللہ خاں کے درمیان کڑا مقابلہ بتایا جا رہا ہے۔ حاجی ضمیر اللہ کو ایک مضبوط امیدوار اس لئے بھی منا جارہا ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ہر ظلم زیادتی کے خلاف اپنی آواز بلند کرتا ہے اور مظلوموں کا ساتھ دیتا ہے۔