لکھنؤ: اترپردیش میں جعلی نوٹ سپلائی کرنے کے الزام میں یوپی اے ٹی ایس نے مغربی بنگال سے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کا نام عالمگیر شیخ عرف لٹو شیخ ہے جو وشنو نگر مالدہ مغربی بنگال کا رہنے والا ہے۔ عالمگیر پر 25 ہزار کا انعام تھا۔ یوپی اے ٹی ایس نے جمعہ کو ملزم عالمگیر شیخ کو مغربی بنگال سے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کو تفتیش کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔
یوپی اے ٹی ایس کا الزام ہے کہ گرفتار ملزم عالمگیر شیخ پاکستان میں چھپنے والی غیر قانونی بھارتی کرنسی کو بنگال کے راستے اتر پردیش لاتا تھا۔ اے ٹی ایس کے مطابق ان جعلی نوٹوں پر واٹر مارک اور آر بی آئی کی پٹی لگی تھی جو بھارتی نوٹوں کی طرح دکھائی دیتی تھیں۔ پاکستان میں چھپی یہ غیر قانونی کرنسی بنگلہ دیش کے راستے مغربی بنگال لائی گئی جس کے بعد یہ کرنسی اتر پردیش سمیت بھارت کی دیگر ریاستوں میں سپلائی کی گئی۔ پولیس کا الزام ہے کہ عالمگیر اس کام میں اہم کردار ادا کرتا تھا۔