علی گڑھ:عید میلاد النبی ایک تہوار یا خوشی کا دن ہے جو دنیا بھر میں مسلمان مناتے ہیں، یہ دن حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ خصوصاّ ماہِ ربیع الاول میں عید میلاد النبیﷺ کا تہوار پوری مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا جاتا ہے۔ 12 ربیع الاول کو جشن عید میلاد النبی ﷺکا تہوار بڑی ہی دھوم دھام سے پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔
عید میلاد النبی سے متعلق شعبہ دینیات کے سابق صدر پروفیسر سعود عالم قاسمی نے ای ٹی وی بھارت کو خصوصی گفتگو میں بتایا آج کے ہی مبارک دن رسول کریم پیغمبر اسلام دنیا میں تشریف لائے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں 12 ربیع الاول کو جشن منایا جاتا ہے۔ آپ کا تعارف اللہ نے رحمت العالمین کی حیثیت سے کیا۔ جس طرح پوری کائنات کو پیدا کرنے والا اللہ ہے اسی طرح پوری دنیا کو رحمت کا پیغام دینے والے رسول کریم پیغمبر ﷺ ہیں۔ اس لئے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ جس طرح پوری دنیا میں اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور توحید کا پیغام لوگوں تک پہنچاتے ہیں اسی طرح وہ پیغمبر کی رحمت کا پیغام لوگوں تک پہنچائے۔