وارانسی:اترپردیش کے وارانسی میں بھیلوپور تھانہ علاقے کے ریواڑی تالاب میں رہنے والے ایک نوجوان کا ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک عالم نامی یہ نوجوان ممنوعہ ایم پی 5 بندوق سے فائرنگ کرتا نظر آرہا ہے۔ یہ بندوق این ایس جی کمانڈوز اور اسپیشل سیکیورٹی اسکواڈ کے اہلکار استعمال کرتے ہیں۔ بھیلوپور تھانے نے نوجوان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں نوجوان تقریباً 30 سیکنڈز میں 5 راؤنڈ فائر کرتا نظر آرہا ہے۔ بھیلوپور پولیس اسٹیشن کے انچارج رماکانت دوبے کے مطابق اب تک کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فائرنگ کرنے والا نوجوان عالم ساڑھی پرنٹنگ کے کام سے وابستہ ہے۔ ان کے مطابق عالم نے بتایا کہ یہ ویڈیو سال 2014 کا ہے جب وہ اپنے دوست سکندر کے ساتھ گجرات کے سورت علاقے میں گیا تھا جہاں فوج میں تعینات ان کے دوستوں کے ساتھ ملاقات ہوئی۔