غازی پور:ریاست اترپردیش کے ضلع غازی پور کے محمد آباد تھانہ علاقے کے سلطانپور گنگا ساحل پر نہاتے وقت دو افراد ڈوب گئے۔ وہ اپنے گاؤں سے آخری رسوم کی ادائیگی میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ غوطہ خورو ں نے کافی مشقت کے بعد ایک کی لاش برآمد کرلی جب کہ دوسری کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق برچوار علاقے کے کھارا بریجی کی رہنے والی شاردا دیوی کی لاش لے کر اہل خانہ اور گاؤں والے منگل کو سلطان پور گنگا کے کنارے سابق بلاک ہیڈ مترسین پردھان کے شمشان گھاٹ پہنچے تھے۔ آخری رسومات کے بعد لوگ تھوڑی دور جا کر گنگا میں نہانے لگے۔ وہاں نہاتے ہوئے امن کشواہا اور تارکیشور سنگھ عرف جھبر سنگھ گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوبنے لگے۔ وہاں موجود لوگوں نے فون پر پولیس کو اطلاع دی۔ کچھ دیر بعد گوس پور کے رہائشی غوطہ خور موقع پر پہنچے اور جال ڈال کر ان کی تلاش شروع کردی۔
تارکیشور سنگھ (35) کی لاش کافی کوشش کے بعد ملی، جب کہ امن کشواہا (18) کی تلاش جاری ہے۔ امان متوفی شاردا دیوی کا پوتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 19 مئی 2023 کو ریاست کے ضلع پریاگ راج میں گنگا میں نہاتے وقت دو طلبہ ڈوب گئے۔ پریاگ راج کے شیوکٹی تھانہ علاقے میں گنگا میں نہانے گئے بی ٹیک سال دوم کے دو طلبہ ڈوب گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ موتی لال نہرو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم این آئی ٹی) میں بی ٹیک سال دوم کے طالب علم دیپیندر سنگھ اور وکاس موریہ اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ شیو کٹی علاقہ واقع کوٹرشیر مہادیو مندر کے نزدیک گنگا میں نہانے گئے تھے۔ نہاتے وقت اچانک دونوں گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔ پولیس نے غوطہ خوروں کی مدد سے لاشیں تلاش کررہی ہے۔ ابھی تک لاشیں برآمد نہیں کی جاسکی ہیں۔ دونوں کی عمریں تقریبا 22 سے 23 کی بتائی گئی۔