رام پور: دہلی- لکھنؤ ریلوے سیکشن پر رام پور ریلوے اسٹیشن کے نزدیک منگل کے روز ٹرین کے اوپر ایک ٹرک گرنے سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد دہلی-لکھنؤ ریل روٹ کو صبح 4 بجے سے صبح 9 بجے تک جزوی طور پر بلاک کر دیا گیا۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ سول لائنز علاقے میں زیرو پوائنٹ سے پہلے اوور برج سے علی الصبح 3 بجے چنڈی گڑھ ایکسپریس ٹرین کے انجن پر دودھ سے بھرا ٹرک گر گیا۔ A Truck Fell on tha Rail Track in Rampur
اس حادثے میں ٹرک اور انجن کو نقصان پہنچا۔ اس دوران ٹرک میں سوار دو کلینر شدید زخمی ہوگئے۔ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم ٹرین میں سوار کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ اس حادثہ کی وجہ سے صبح 4 بجے سے صبح 9 بجے تک ٹریک پر ٹریفک متاثر رہی۔ اس دوران ریلوے ملازمین نے احتیاط کے ساتھ ٹرینوں کو پاس کیا۔ Truck Accident in Rampur
انہوں نے بتایا کہ رات تقریباً 3.50 بجے گجرولا سے رام پور کی طرف آنے والا ٹرک مدر ڈیری کے دودھ کے پیکٹ لے کر بے قابو ہو کر کوسی پل کے نزدیک اوور برج پر ریلوے ٹریک پر جا گرا جو اس وقت مراد آباد سے لکھنؤ جا نے والی چنڈی گڑھ ایکسپریس ٹرین نمبر 12231 کے انجن سے ٹکرا گیا۔ تصادم کے باعث ڈاؤن لائن کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی لائن کو نقصان پہنچا۔ اس حادثے میں ٹرک ڈرائیور پون کمار (30) ساکن بدایون موقع سے فرار ہو گیا جبکہ کلینر دھرمیندر یادو (18) اور جوگیندر یادو (20) زخمی ہوئے۔ پولیس نے زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا۔