لکھنؤ: سلطان پور ریلوے اسٹیشن کے قریب گبھڑیا اوور برج کے نیچے جمعرات کی صبح دو مال گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوگیا جس میں دونوں ٹرینوں کے لوکو پائلٹ شدید زخمی ہوگئے۔ ٹرینوں میں تصادم کے باعث آٹھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس سے ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس معاملے کے بعد اتر ریلوے نے سلطان پور سے گزرنے والی تمام ٹرینوں کو فیض آباد، پرتاپ گڑھ کے راستے سے گزرنے کا آرڈر جاری کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد کچھ ٹرینوں کو رد بھی کیا گیا ہے جس مسافر پریشان ہیں۔ فی الحال جائے حادثے پر راحت بچاؤ کا کام جاری ہے۔ اس معاملے میں ڈی آر ایم نے اعلیٰ سطح کی جانچ کا حکم دیا ہے۔
واقعے کے بعد زخمی ڈرائیوروں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انجینئرنگ، آپریشنز، سگنل سمیت دیگر محکموں کے افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ واقعہ کا جائزہ لینے اور راحت، بچاؤ کے کام کے لیے انتظامیہ کے افسران بھی موقع پر پہنچے ہیں۔ ڈی ایم روش گپتا کی ہدایت پر ایس ڈی ایم سی پی پاٹھک بھی موقع پر موجود ہیں، ریلوے ٹریک کو ٹھیک کیا جارہا ہے۔ لکھنؤ اور وارانسی کے درمیان سلطان پور کے راستے چلنے والی سبھی ٹرینوں کو ڈویژنل ریلوے منیجر نے پرتاپ گڑھ اور ایودھیا کے راستے سے گزرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس پورے معاملے میں ڈویژنل ریلوے منیجر کی طرف سے واقعہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری کی ہدایات دی گئی ہیں۔