پرتاپ گڑھ: ریاست اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے ساٹھ کلومیٹر مسافت پر تھانہ آس پور دیوسرا علاقے کے بنارس لکھنو ہائی وے پر پورا گاؤں کے نزدیک جمعہ کی شام بے قابو کار کی ٹکر سے بائک سوار ٹیچر سمیت دو افراد کی موت ہوگئی۔ ڈی ایس پی (سرکل افسر )پٹّی دلیپ سنگھ نے جمعہ کی شب بتایا کہ تھانہ آس پور دیوسرہ علاقے کے بنارس لکھنو ہائیوے پر پورا گاوں کے نزدیک آج شام ایک تیز رفتار بے قابو کار کی ٹکر سے جہاں بائک سوار دو افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے، دونوں زخمیوں کو علاج کے لئے مقامی ہسپتال لایا گیا وہیں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔ مہلوکین کی شناخت ٹیچر راج بہادر یادو 58 ساکن دیورکھا (ڈھکوا ) و رام بہال یادو 55 ساکن نیما تھانہ آس پور دیوسرہ کے طور پر کی گئی۔
حادثہ کے بعد ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے کار کو قبضے میں لیا دونوں لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے بھیجا۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ تین ہفتے قبل ضلع کے کوڑہور میں سڑک حادثہ پیش آیا تھا۔ پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 15 کلومیٹر دور کندھائی پولیس اسٹیشن کے ایک پٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار بس کی زد میں آکر دو بائک سوار نوجوانوں کی موت ہوگئی تھی۔ کندھائی کے انسپکٹر انچارج نے بتایا کہ کوڑہور علاقے کے نرہر پور کا رہنے والا دھرمیندر (24) اپنی بیوی کے بھائی اجیت (22) کے ساتھ جو صدر علاقے کے رام پور گوڈے کا رہنے والا تھا، کشن گنج سے آرہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شام تقریباً پانچ بجے جیسے ہی وہ دونوں منڈہ گیٹ کے قریب پہنچے تو چلبیلا سے آنے والی بس نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔