لکھنؤ: منگل کی صبح لکھنؤ بلیا قومی شاہراہ پر چیکنگ کر رہی اے آر ٹی او انفورسمنٹ ٹیم کو ٹرک ڈرائیور نے کچل دیا۔ اس واقعہ میں اے آر ٹی او ڈرائیور اور لکھنؤ کے رہائشی کانسٹیبل کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ موقع پر پولیس کی ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔
دراصل اے آر ٹی او انفورسمنٹ آر کے ورما لکھنؤ بلیا نیشنل ہائی وے پر چیکنگ کر رہے تھے۔ اس دوران گوسائی گنج تھانہ علاقہ کے ادھم پور چوراہے کے قریب مخالف سمت سے آ رہی ٹرک نے انفورسمنٹ ٹیم کی گاڑی کو زوردار ٹکر ماری۔ اس واقعہ میں انفورسمنٹ ٹیم کے کونٹریکٹ ڈرائیور عبدالمومن خان ساکنہ شاستری نگر تھانہ کوتوالی نگر اور کانسٹیبل ارون سنگھ ساکن بی کے ٹی لکھنؤ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے کا شکار ہونے والے ٹرک کو پولیس نے پکڑ لیا ہے۔