سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہات) سنسار سنگھ نے بتایا کہ 'سبھاش نگر علاقے میں بی ڈی اے کالونی کرگینا میں رہنے والے ہری پرساد مینا (60) نے دو برس پہلے ایک ریٹائرڈ داروغہ کے رشتے دار راجیو سکسینا سے سود پر ڈیڑھ لاکھ روپے لیے تھے۔ ہلاک تاجر کے مطابق اس قرض کے بدلے میں وہ راجیو کو چار لاکھ روپے دے چکا تھا۔ اس کے بعد بھی راجیو اور ریٹائرڈ داروغہ اشوک کمار ان پر بقایا بتا رہے تھے۔ قرض کے نام پر ان لوگوں نے اس کا مکان بھی اپنے نام لکھوا لیا۔'
انہوں نے بتایا کہ 'بدھ کو پریشان تاجر دوپہر تقریباً دو بجے ایس ایس پی آفس پہنچا تھا جہاں اس نے زہر کھا لیا لیکن اس نے وہاں موجود لوگوں کو نہیں بتایا۔ بعد میں زہریلی دوا کے پیکٹ کو دیکھ کر لوگوں کو شبہ ہوا۔ اسی درمیان ہری پرساد کی طبیعت بگڑنے لگی اور پولیس نے انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا جہاں دیر رات تاجر نے دم توڑدیا۔'