اترپردیش کی دارالحکومت لکھنؤ میں نوابی دور کی قدیم عمارتیں پورے شان و شوکت سے آج بھی سیاحوں کی پہلی پسند بنی ہوئی ہیں۔ یہاں پر ہزاروں کی تعداد میں سیاح ہر روز سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں لیکن وبائی مرض کو دیکھتے ہوئے سیاحتی مقامات کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اگر نوابی دور کی قدیم عمارتوں کی بات کریں تو یہاں پر بڑا امام باڑہ، چھوٹا امام باڑہ، شاہ نجف، بھول بھلیاں، رومی دروازہ، پکچر گیلری وغیرہ کئی ایسی عمارتیں ہیں، جہاں پر روزانہ کثیر تعداد میں ملک کے مختلف خطوں سے سیّاح سیروتفریح کے لئے آتے ہیں۔
کورونا وائرس کے سبب یو پی کے سبھی اسکول کالج پہلے ہی بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا تھا لیکن دارالحکومت لکھنؤ کے تمام سیاحتی مقامات کو بھی ڈی ایم کے حکم سے بند کر دیا گیا ہے۔
بڑے امام باڑہ میں ملازمت کر رہے حسین نے بات چیت کے دوران بتایا کہ ہم ڈی ایم صاحب کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ جان بچانا ضروری ہے لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ کہ جب تک ٹورسیٹ آئیں گے نہیں، تب تک ہماری آمدنی نہیں ہوگی کیونکہ ٹورسیٹ گائیڈ کے ذریعے ہی کمائی ہوتی ہے۔