اردو

urdu

ETV Bharat / state

ہاتھرس کیس کے ٹرائل پر آج سپریم کورٹ سنائے گا فیصلہ - uttar pradesh news

سپریم کورٹ میں ہاتھرس متاثرہ کے اہلخانہ نے ایک عرضی داخل کر کہا ہے کہ ہاتھرس کیس کا ٹرائل اترپردیش کی جگہ دہلی میں کیا جائے کیونکہ اترپردیش میں جانچ اور سماعت غیر جانبدار نہیں ہوسکے گی۔

image
image

By

Published : Oct 27, 2020, 8:28 AM IST

ہاتھرس گینگ ریپ اور قتل کیس کی تحقیقات اور عدالتی سماعت پر سپریم کورٹ آج 12 بجے اپنا فیصلہ سنائے گا۔

چیف جسٹس کی صدارت والی بینچ اپنے فیصلے سے یہ طئے کرسکتی ہے کہ ہاتھرس کیس کا ٹرائل اترپردیش سے دہلی منتقل کیا جائے یا نہیں۔

کورٹ اس تعلق سے بھی فیصلہ سنائے گا کہ گواہوں اور متاثرہ خاندان کی حفاظت سے متعلق اضافی احکامات دینے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ آسکتا ہے کہ سی بی آئی جانچ کی نگرانی سپریم کورٹ کرے گا یا نہیں۔

سپریم کورٹ میں متاثرہ خاندان نے اپیل کی ہے کہ اس کیس کا ٹرائل دہلی میں کیا جائے، کیس سے متعلق ایک مفاد عامہ کی عرضی داخل کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کی نگرانی سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے موجودہ یا سابق ججوں سے کرائی جائے۔

عرضی کے مطابق اترپردیش میں اس کیس کی تحقیقات اور سماعت غیر جانبدارانہ طور سے نہیں ہوسکے گی اس لیے کیس کو دہلی ٹرانسفر کیا جائے۔

واضح رہے کہ اترپردیش کے ضلع ہاتھرس میں 14 ستمبر کو ایک 19 سالہ دلت لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کرنے کے بعد ملزمین نے اسے بے دردی سے ہلاک کردیا تھا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details