نوئیڈا کے یمنا ایکسپریس وے پر دو خوفناک سڑک حادثات میں تین لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ دیگر تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے جیور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثات میں ہلاک افراد کی لاشوں کو پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا۔
پہلا حادثہ یمنا ایکسپریس وے پر اس وقت پیش آیا جب نوئیڈا سے آگرہ جا رہی تیز رفتار آلٹو کار ٹرک میں جا گھسی۔ اس حادثے میں کار میں ایک خاتون سمیت چار افراد سوار تھے، جن میں سے دو کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے جن کا اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔
اسی وقت، دوسرا سڑک حادثہ یمنا ایکسپریس وے پر فلودا کٹ کے قریب پیش آیا جہاں ایک موٹر سائیکل سوار پیٹرول ختم ہونے کی وجہ سے اپنی ماں کے ساتھ موٹر سائیکل لے کر پیدل جا رہا تھا۔ اسی دوران ایک کار نے اسے ٹکر مار دی۔ اس تصادم میں بوڑھی ماں کی موت ہو گئی جبکہ ان کا بیٹا گورو ولد جوگیندر شدید زخمی ہو گیا، جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ اسی دوران کار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی پولیس تلاش کر رہی ہے۔