کانپور کے تاجر اور وکاس دوبے کے مبینہ فائنانسر جے کانت باجپئی نے ای ٹی وی بھارت سے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین اراکین اسمبلی وکاس دوبے کے رابطے میں تھے۔ ان اراکین اسمبلی کا تعلق کانپور اور اناؤ سے ہے۔ تاہم ، باجپائی نے کسی بھی ممبر اسمبلی کے نام ظاہر نہیں کیے۔
یہ بیان فائنانسر جئے کانت باجپئی نے پیر کو جیل جاتے ہوئے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں دیا۔
جئے باجپئی کو اتوار کی رات اس کے ساتھی گڈو کے ساتھ اسلحہ مہیا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جس میں 3 جولائی کو آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے ۔
باجپائی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ۔''بی جے پی کے تین اراکین اسمبلی گینگسٹر کے لئے کام کرتے ہیں۔ اس نے کہا کہ کابینہ کے وزراء سمیت بی جے پی اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے تقریبا تمام ممبران اسمبلی گینگسٹر دوبے سے قریبی رابطے میں تھے۔ چونکہ پولیس ان وزراء کو گرفتار نہیں کرسکتی تھی اس لیے انہوں نے مجھے گرفتار کرلیا۔ ''
جب ان سے لکژری گاڑی کے بارے میں پوچھا گیا جو کانپور پولیس کو ملی تھی، تو باجپائی نے کہا "میں نے اپنی گاڑی کو وجے نگر کے علاقے کے پاس کھڑا کیا تھا تاکہ گینگسٹر کو کسی طرح کی مدد فراہم کرنے سے گریز کیا جاسکے۔ میں نے اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج خود پولیس کو پیش کردی ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ (پولیس) مجھے جھوٹے مقدمے میں کیوں ملوث کررہے ہیں۔ مجھے جو کچھ بھی معلوم تھا ، میں نے پہلے ہی پولیس کو بتا دیا ہے۔''