ملک میں تیزی سے بڑھتے کوروناوائرس سے تحفظ کے لیے آج یہاں مہتمم دارالعلوم دیوبند کے مطالبہ پر انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیم نے سی ایم او کی سربراہی میں دارالعلوم دیوبند اور دارالعلوم وقف دیوبند کے طلبا کی تھرمل سکریننگ کی، تاہم دونوں اداروں میں تمام طلبہ صحت مند پائے گئے۔
اس دوران محکمہ صحت کی ٹیم نے طلبہ کو دیگر ضروری صلاح و مشورہ دیتے ہوئے سماجی دوری کا خاص خیال رکھنے تاکید کی۔
واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے جمعرات کو دیوبند انتظامیہ اور محکمہ صحت سے درخواست کی تھی کہ ادارہ میں تعطیل ہونے کے باجود لاک ڈاون کے سبب کافی تعداد میں طلبہ اپنے گھروں کونہیں جاسکے ہیں اور وہ ادارہ میں مقیم ہیں، جن کا طبی معائنہ کیا جانا بہت ضروری ہے۔
ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے دیوبند علاقے میں انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیم نے سی ایم او کی سربراہی میں دارالعلوم دیوبند اور دارالعلوم وقف دیوبند کے طلبا کی تھرمل سکریننگ کی وہیں دوسری جانب دارالعلوم وقف دیوبند کی جانب سے بھی مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے طلبہ کی طبی جانچ کی اپیل کی تھی۔
جس کے بعد آج سی ایم او ڈاکٹر بی ایس سودھی کی قیادت میں محکمہ صحت کی ٹیم نے دارالعلوم دیوبند اور دارالعلوم وقف دیوبند کے طلبا کی تھرمل سکریننگ کی۔
واضح رہے کہ تھرمل سکریننگ میں پہلی نظر میں تمام طلبہ صحت مند پائے گئے ہیں، حالانکہ ٹیم نے طلبا سے یہ بھی پوچھا کہ و ہ جنوری ماہ کے بعد کہاں کہاں گئے ہیں۔
اس دوران طلبہ نے بتایا کہ سالانہ امتحانات کے سبب اس دوران کہیں آنا جانا نہیں ہوا ہے اور وہ ادارہ میں ہی مقیم تھے۔
ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر اطہر جمیل کی نگرانی میں طلبہ کی تھرمل سکریننگ صبح 10 بجے شروع ہوئی، جس میں شام چار بجے تک دارالعلوم دیوبند میں 1942 طلبہ کی جانچ کی گئی، جبکہ سی ایچ سی انچارج ڈاکٹر اندراج سنگھ کی قیادت میں دارالعلوم وقف دیوبند کے 425 طلبہ کی تھرمل سکریننگ عمل میں آئی۔
سی ایم او ڈاکٹر بی ایس سودھی نے کہا کہ اس دوران طلبہ کو سوشل ڈسٹینسنگ اور ہاتھوں کوسینیٹرائزنگ کرنے اور صاف صفائی سمیت انہیں صحت مند رہنے کے سلسلہ میں کئی اہم ہدایات دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کھانسی یا بخار وغیرہ کی شکایت ہے تو وہ فوراً محکمہ صحت کی ٹیم سے رابطہ کریں، اس دوران محکمہ صحت کی ٹیم میں ڈاکٹر غیور علی، ڈاکٹر عظیم، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر آشوتوش سنگھ، ایچ ڈی ایس رویندر، عجب سنگھ، نتن اور بھوپ سنگھ وغیرہ سمیت دونوں اداروں کے ذمہ داران اور اساتذہ موجود رہے۔