بدایوں ضلع کے قصبہ ککرالہ میں 'نیکی کی دیوار' کی شروعات وارڈ نمبر چھ کے علاقے ہولی چوک میں ہوئی۔ نیکی کی دیوار کی شروعات نے مقامی و دیگر علاقے کے بہت سے افراد کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔
دراصل مقامی لوگوں نے ایک دیوار بنائی ہے۔ اس کا نام 'نیکی کی دیوار' ہے۔ جو افراد غریبوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں، وہ اپنی ضرورت سے زیادہ سامان یا جو بھی ان کا دل چاہے وہ اس دیوار پر ٹانگ جاتے ہیں۔ اس کے بعد ضرورت مند لوگ اپنی ضرورت کا سامان خاموشی سے دیوار سے لے کر چلے جاتے ہیں۔
نیکی کی اس دیوار کو شروع کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد اسلم کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے حج کے دوران اس بارے میں سنا تھا کہ دنیا میں بہت سی ایسے مقامات ہیں جہاں لوگوں کی مدد کے لئے خاموشی سے نیکی کی دیوار کی طرح کام کیا جاتا ہے، اسی لیے انہوں نے اپنے والد کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے 'نیکی کی دیوار' کی شروعات کی۔