اردو

urdu

ETV Bharat / state

اے ایم یو اور علی گڑھ کی تاریخی نمائش کا باہمی رشتہ - گھوڑوں کی نمائش

آج ہم آپ کو ایک ایسی نمائش سے روبرو کرانے جارہے ہیں جو 140 سالہ قدیم ہے، ساتھ ہی یہ بھی بتائیں گے کہ اس کا اے ایم یو سے کیا رشتہ رہا ہے۔

The relationship between AMU and Aligarh historical exhibition
اے ایم یو اور علی گڑھ کی تاریخی نمائش کا باہمی رشتہ

By

Published : Feb 6, 2021, 4:55 PM IST

'علیگڑھ فیسٹیول' کے نام سے ہر برس علی گڑھ نمائش گراؤنڈ پر رنگا رنگ نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کو عوام 'علی گڑھ نمائش' کے نام سے جانتے ہیں۔

اے ایم یو اور علی گڑھ کی تاریخی نمائش کا باہمی رشتہ

علی گڑھ نمائش کی تاریخ 140 برس پرانی ہے۔ تحریک آزادی کے دوران ہندو مسلم اور دیگر طبقات نمائش میدان میں جمع ہوئے اور انگریزوں کے خلاف محاذ کھڑا کیا۔ علی گڑھ نمائش گراؤنڈ میں مسجد کے ساتھ مندر بھی موجود ہے۔

علی گڑھ نمائش کا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بھی گہرا تعلق ہے۔ نمائش میں آج بھی اے ایم یو کے تیسرے وائس چانسلر نواب محمد مزمل خاں کے نام سے ایک بڑا اور عمدہ "مزمل گیٹ" موجود ہے اور اے ایم یو کے بانی سرسید احمد خان نے فروری 1894 کو اسی نمائش میں محمڈن اینگلو اورینٹل کالج کے چندے کے لئے ایک ناٹک بھی کیا تھا۔

علی گڑھ نمائش میں جھولے ہر کسی کی نظر اپنی جانب کھینچتے ہیں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی شعبہ رابطہ عامہ کے اسسٹنٹ انچارج ڈاکٹر راحت ابرار نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ علی گڑھ نمائش بہت قدیم نمائش ہے۔ یہ نمائش پہلی مرتبہ 'علیگڑھ ڈسٹرکٹ فیئر' کے نام سے لگی تھی۔ اس کی اہمیت اور مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ 6 فروری 1894 کو اے ایم یو کے بانی سرسید احمد خان نے علیگڑھ نمائش میں خود ایک ناٹک کیا تھا جس کا مقصد محمڈن اینگلو اورینٹل کالج کے لیے چندہ اکٹھا کرنا تھا جو تاریخی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے۔

ڈاکٹر راحت ابرار نے مزید بتایا کہ ناٹک اور ناچ گانے کو لوگ پسند نہیں کرتے تھے جس کی وجہ سے سر سید احمد خاں کی مخالفت بھی ہوئی تو سر سید احمد خان نے کہا کہ "قوم کی بھلائی کیلئے مجھے ہر کام کرنا ہے۔ یہ میں اپنے لئے نہیں قوم کے بچوں کی تعلیم کے لئے کر رہا ہوں"۔

نمائش میں نمکین اشیا کے ساتھ جلیبا بھی لوگوں کو خوب پسند آرہا ہے

انہوں نے بتایا کہ علی گڑھ نمائش میں سب سے عمدہ گیٹ 'مزمل گیٹ' اے ایم یو کے تیسرے وائس چانسلر نواب محمد مزمل خاں شیروانی کے نام سے منسوب ہے۔

ڈاکٹر نے مزید کہا 1880 میں جب پہلی مرتبہ نمائش لگی تو گھوڑوں کی نمائش تھی جس میں اے ایم یو کے بھی گھوڑے حصہ لیتے تھے اور آج بھی اے ایم یو رائیڈنگ کلب کے گھوڑے حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو آپ ہٹا دیں تو علی گڑھ نمائش کا کوئی تصور ادھورا ہو جائے گا۔

نمائش میں پانی پوری کا اسٹال خواتین کے لیے خاص اہمیت کا حامل

مزید پڑھیے: سرسید احمد خان کی صحافت اور اے ایم یو کا شعبہ ترسیل عامہ

واضح رہے کہ 'علی گڑھ نمائش' کا اہتمام ہر برس کیا جاتا ہے۔ یہاں ملک کی مختلف ریاستوں سے کاروباری بھی آتے ہیں۔ جہاں تقریبا ایک ماہ تک مختلف اور خاص چیزوں کی خرید و فروخت کی جاتی ہے۔ جہاں پر نہ صرف علی گڑھ بلکہ علیگڑھ کے آس پاس کے گاؤں دیہات اور ضلع سے خاصی تعداد میں صبح سے لے کر رات تک عوام نمائش دیکھنے آتے ہیں۔

علی گڑھ نمائش کا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے گہرا تعلق ہے

اس نمائش گراؤنڈ میں نیرج-شہریار پارک بھی موجود ہے۔ علی گڑھ نمائش ملک بھر میں لگائے جانے والے میلوں میں گنگا جمنی تہذیب کی مثال پیش کرتی ہے۔ بالی ووڈ کے فنکار بھی اس نمائش میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں جو تقریبا 25 دن تک جاری رہتا ہے۔

علی گڑھ نمائش میں جھولے، سرکس، کھانے پینے کی دکانیں، کھلونے اور مختلف چیزوں کی دکانیں بھی لگائی جاتی ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details