اتر پردیش میں کورونا کا قہر جاری ہے۔ ہر روز کثیر تعداد میں کورونا مثبت کیسز سامنے آ رہے ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں مریضوں کی موت بھی ہو رہی ہے۔ دارالحکومت لکھنؤ میں دوسرے اضلاع کے مقابلے حالات زیادہ ہی تشویش ناک ہیں۔
ہسپتال میں بیڈ، ادویات اور آکسیجن کی قلت ہے۔ ایسے میں مختلف سماجی تنظیمیں ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کر رہی ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران اپنی والدہ کے لیے آکسیجن لینے آئے شاہنواز خان نے بتایا کہ والدہ کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔ لہذا آکسیجن کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ ہمیں معلوم ہوا کہ انسانیت ویلفیئر سوسائٹی ضرورت مندوں کو مفت میں آکسیجن مہیا کروا رہی ہے۔
شاہنواز خان نے کہا کہ میری والدہ گھر میں ہی آئسولیٹ ہیں۔ انہیں سانس لینے میں تکلیف ہے۔ اب ہمیں یہاں سے آکسیجن سلنڈر مل گیا ہےڈ ہم انسانیت ویلفیئر سوسائٹی کے شکر گزار ہیں۔
انسانیت ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ دار محمد عمران نے کہا کہ ہمارا مقصد ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کرنا ہے۔ خاص طور پر جو لوگ گھروں میں آئسولیٹ ہیں، ایسے لوگوں کو وقت پہ آکسیجن نہ ملنے سے جان بھی جا رہی ہے۔ ہمیں جیسے ہی معلوم ہوتا ہے کہ گھروں میں، ہسپتال میں یا سڑکوں میں مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت ہے، ہم ان تک پہنچتے ہیں یا ان کے لوگ ہم تک پہنچتے ہیں۔اس کے بعد ہم انہیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔