ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں بریلوی مسلک کے بانی امام احمد رضا خان (اعلیٰ حضرت) کا 102 واں عرس رواں برس سادگی کے ساتھ منایا جائے گا، کوویڈ 19 کی گائیڈ لائن کے مطابق درگاہ نے یہ اہم فیصلہ لیا ہے، ضلع مجسٹریٹ نتیش کمار اور ایس ایس پی روہِت سنگھ سجوان سمیت تمام افسران کے ساتھ کلیکٹریٹ میں منعقدہ میٹنگ میں اس فیصلے پر مہر لگا دی ہے۔
درگاہ کے سربراہ سبحان رضا خاں سبحانی میاں اور سجادہ نشین مفتی احسن رضا خاں احسن میاں نے عقیدت مندوں کو ہدایت دی ہے کہ عرس کے پروگرام میں عرس گاہ میں نہ آئیں، بلکہ گھروں میں ہی رہ کر فاتحہ اور قل کی رسومات ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: شوپیان انکاؤنٹر: دو عسکریت پسند ہلاک
درگاہ اعلیٰ حضرت سے میڈیا انچارج ناصر قریشی نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ اور درگاہ کے سربراہ و سجادہ نشین کے درمیان عرس کے تمام پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ انتظامی عہدے داران کے ساتھ ضلع انتظامیہ نے ملاقات کرکے میٹنگ بھی کی، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عرس رضوی کے تمام پروگرام پہلے کی طرح اپنے روایتی انداز میں شہر کے فضل الرحمٰن اسلامیہ انٹر کالج کے میدان میں ہی منعقد ہوں گے، جس کی سرپرستی درگاہ کے سربراہ اور سجادہ نشین کریں گے۔
درگاہ کی انتظامیہ تنظیم ٹی ٹی ایس کے سیکریٹری حاجی جاوید خان نے بتایا کہ سجادہ نشین نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ عالمی وبا کورونا کے پیش نظر رواں برس عرس کی تقریبات میں عام لوگوں کو عرس گاہ اسلامیہ انٹر کالج کے میدان میں مدعو نہیں کیا گیا ہے، بلکہ رسمی طور پر 100 لوگوں کو ہی عرس میں شامل ہونے کی اجازت ہوگی۔
ناصر قیشی نے مزید بتایا کہ عرس گاہ اسلامیہ انٹر کالج کے میدان میں صرف سجّادگان، علمائے کرام، شعراء، مقررین کو ہی گائڈ لائن کے مطابق تعداد میں شامل کیا جائےگا، عرس کی تمام تقریبات کو درگاہ کی ویب سائٹ پر آڈیو آن لائن نشر کیا جائےگا، جس سے دنیا کے کسی بھی خطّہ میں بیٹھ کر عقیدت مند تین روزہ عرس سے روحانی فیض حاصل کرسکیں گے۔
ناصر قیشی نے بتایا کہ سجادہ نشین نے واضع کیا ہے کہ عرس گاہ میں صرف علماء، شعراء اور مقررین ہی شامل ہونگے، جن حضرات کو عرس میں شرکت کرائی جائےگی، اُنکی فہرست تیار کرکے پاس بنائے جائیں گے۔ اس فہرست کی اطلاع ضلع انتظامیہ کے سپرد کی جائےگی۔ سجادہ نشین نے یہ بھی کہا ہے کہ بغیر پاس کے کوئی شخص عرس کے پروگرام میں شامل نہیں ہو سکےگا، اس مرتبہ لنگر کا اہتمام کرنے والی کمیٹیوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بار لنگر کا اہتمام نہ کریں، درگاہ پر چادروں کا جلوس لانے والے زائرین سے چادر پوشی کے لیئے منع کیا گیا ہے۔ لوگوں سے قصداً کہا گیا ہے کہ کوویڈ 19 کے باعث مرکزی حکومت کی گائڈ لائن پر عمل ضرور کریں۔