ملک بھر میں آج یوم اساتذہ بڑے ہی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، آزاد بھارت کے دوسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کشنن کی پیدائش آج ہی کے دن یعنی 5 ستمبر 1888 کو ہوئی تھی۔ اساتذہ کی اہمیت اس لیے بھی دوبالا ہو جاتی ہے کیونکہ ادنا سے لے کر اعلی عہدوں پر فائز استاد کا ہی پڑھایا ہوا طالب علم ہوتا ہے۔Teachers day Celebration By Uttar Pradesh Teachers Association
یوم اساتذہ کے موقع پر ملک بھر میں مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ضلع علیگڑھ میں بھی اترپردیش ٹیچرس ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں اسکول کے طلباء و طالبات سمیت اساتذہ نے بھی شرکت کی جس میں مہمان خصوصی علیگڑھ میئر محمد فرقان اور مہمان اعزازی اتر پردیش کنٹرول بورڈ کے صدر محمد قمر عالم رہے۔
پروگرام میں اساتذہ کرام کی موجودہ دور میں اہمیت وافادیت پر گفتگو کے ساتھ اعلی تعلیم و تدریس دینے والے ممتاز اساتذہ اکرام کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ جس میں پردیپ کمار، رینو شرما، نیلم کماری، رضیہ فاطمہ، بشیر الحسن شامل تھے۔
یوم اساتذہ کے موقع پر اترپردیش ٹیچرس ایسوسی ایشن، علیگڑھ کے صدر کنور نسیم شاہد کو ان کی پچاس سالہ اردو کے فروغ کے لئے نمایاں اور پیش بہا کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے اترپردیش ٹیچرس ایسو سیشن اور اترپردیش کنٹرول بورڈ کی جانب سے "نشان اردو" کے خطاب سے نوازا گیا۔
کنور نسیم شاہد نے بتایا ہر سال ہم لوگ یوم اساتذہ کے موقع پر اس طرح کے پروگرام کا اہتمام کرتے ہیں جس میں ہم مہمان خصوصی کے بدست اعلی تعلیم و تدریس دینے والے ممتاز اساتذہ اکرام کو اعزاز سے نوازتے ہیں۔