لکھنؤ: سماج وادی پارٹی نے مغربی اترپردیش کی ذمہ داری سینئر رہنما و رکن اسمبلی شاہد منظور کو سونپی ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کا راشٹریہ لوک دل پارٹی سے سیاسی اتحاد ہے اور یہ اتحاد بلدیہ انتخابات میں رہے گا۔ سماج وادی پارٹی کے کتنے امیدوار ہوں گے یا راشٹریہ لوک دل کے کتنے ہوں گے اس کے لیے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم بات چیت کرکے اس مسئلے کو حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں مغربی اترپردیش کے شہریوں کے اہم مسائل پر سماجوادی پارٹی میدان میں ہوگی۔ بارش کے موسم میں کئی شہروں میں پانی جمع ہونے، سول لائن، سڑک، پینے کے لیے صاف پانی جیسے روزمرہ کے مسائل پر عوام کے درمیان ہوگی۔ Talk With SP West UP Incharge Shahid Manzoor
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اتر پردیش کے کئی شہروں کو اسمارٹ سٹی بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ بارش کے موسم میں شہروں میں پانی جمع ہونے سے عوام پریشان ہیں۔ پینے کے لیے صاف پانی نہیں ہوتا ، موجودہ وقت میں ڈینگو ،ملیریا، چکن گنیا جیسی خطرناک بیماریوں سے عوام پریشان ہے اس کے لیے حکومت ہر محاذ پر ناکام نظر آرہی ہے۔ ان تمام مسائل کو لے کر کے سماجوادی پارٹی انتخابی میدان میں ہوگی اور جس طریقے سے حکومت نے شہروں کو صاف ستھرا کر مثالی بنانے کا دعوی کیا تھا اس میں کوئی سچائی نظر نہیں آتی اس پر بھی سماج وادی پارٹی کے امیدوار عوام سے مل کر کے حکومت کا پول کھول لیں گے۔