متحدہ خواتین کمیٹی کے زیراہتمام دیوبند کے عیدگاہ میدان میں گزشتہ 17 روز سے خواتین کا احتجاج جاری ہے، جہاں خواتین مظاہرہ میں شامل دیگر خواتین کو نہ صرف سی اے اے، این آرسی اور این پی آر کے بارے میں بتار رہی ہیں بلکہ انہیں ڈٹینشن سینٹر کے بارے میں بھی سمجھا رہی ہیں۔
انتظامیہ کی سختی کے باوجود دیوبند میں احتجاج کر رہی خواتین کے حوصلہ بلند ہیں اور مسلسل جاری یہ احتجاج اب ایک اور شاہین باغ بن گیا ہے۔
دیوبند کا عیدگاہ میدان اس وقت ایک مکمل تحریک کی شکل اختیار کئے ہوئے ہے، جہاں بڑی تعداد میں خواتین پہنچ کر اپنا احتجاج درج کرا رہی ہیں، اتنا ہی نہیں بلکہ دیہی علاقوں سے بھی یہاں خواتین پہنچ رہی ہیں۔
انقلابی نعروں اور ترنگے سے سجے عیدگاہ میدان میں بابائے قوم مہاتما گاندھی اور بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے نام سے گیٹ بنائے گئے ہیں، وہیں میدان میں بھارت کے نقشہ پر’نو سی اے اے، نو این آر سی اور نو این پی آر لکھا گیا ہے۔
ساتھ ہی 'دیوبند ستیہ گرہ ' کے نام سے ایک بہت بڑا بورڈ بھی لگا یا گیا ہے، اس کے علاوہ دھرنا گاہ میں ایک بورڈ ایسا بھی لگایا گیا ہے جو سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس آدم قد بورڈ پر ہندی اور اردو میں آئین کی تمہید لکھی ہوئی ہے اور اسے خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔