میرٹھ: ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں سینکڑوں کی تعداد میں گھوڑا گاڑی لے کر پرجاپتی سماج کے ہزاروں لوگوں نے کمشنری چوراہے پر پہنچ کر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں وہ حکومت سے پرجا پتی سماج کو شیڈول کاسٹ میں شامل کرنے کی مانگ کی۔ سینکڑوں کی تعداد میں چوراہے پر گھوڑا گاڑی جمع ہونے کے سبب گاڑیوں کی آمد و رفت پوری طرح سے ٹھپ پڑگئی۔ عام لوگوں کو بڑی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کو جائے وقوع پر پہنچ کر گاڑیوں کی آمدورفت دوبارہ بحال کرانے کے لیے بڑی مشقت کرنی پڑی۔ کمشنری پارک میں دھرنے میں پرجا پتی سماج کے لیڈران کے ساتھ ساتھ پہنچے بی جے پی کے سابق اسمبلی رکن سنگیت سنگھ سوم نے بھی شرکت کی۔ بی جے پی کے رہنما نے پرجا پتی سماج کے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی اور ان کے مطالبات کو حکومت کے سامنے رکھنے کی بات کہی۔ وہیں پرجاپتی سماج کے لوگوں کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے سماج کو شیڈول کاسٹ میں شامل نہیں کیا جاتا اس وقت ان کا احتجاج جاری رہے گا۔