علیگڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ایگزیکٹیو کونسل اور کورٹ نے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے تین امیدواروں کا پینل بنا کر صدر جمہوریہ کے پاس کسی ایک کی نامزدگی کے لیے بھیج دیا ہے۔ اے ایم یو وائس چانسلر پینل میں پروفیسر ایم یو ربانی (61 ووٹ)، پروفیسر فیضان مصطفٰی (53 ووٹ) اور پروفیسر نعیمہ گلریز (50 ووٹ) کے نام شامل ہیں۔
پینل میں شامل تینوں امیدواروں نے اے ایم یو سے ہی تعلیم حاصل کی ہے۔ اے ایم یو کا وائس چانسلر کون اور کیسا ہونا چاہیے، سے متعلق طلبہ نے بتایا 'وائس چانسلر ایسا ہو جو اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر قوم و ملت کے لئے کام کرے، طلبہ، ملازمین اور یونیورسٹی کے حق میں کام کرے، نئے نئے کورسز شروع کرے، یونیورسٹی کا بجٹ جو دن بدن کم ہوتا جا رہا ہے، اس میں اضافہ کروائے، وہ اپنے ریٹائرمنٹ کے بعد کے فائدے کے لئے کام نہ کرے، یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کے کیس کو اچھے ایڈووکیٹ اور اچھی نیت کے ساتھ سپریم کورٹ میں رکھے اور اس میں کامیابی حاصل کرے۔'
سوال کا جواب دیتے ہوئے طلبہ نے کہا وائس چانسلر پینل کی تشکیل سے متعلق جو آلہ آباد ہائی کورٹ نے یونیورسٹی کے کارگزار وائس چانسلر کو نوٹس جاری کیا ہے اس معاملے پر کچھ کہنا مناسب اس لئے بھی نہیں ہے کیونکہ یہ معاملہ کورٹ میں ہے لیکن ہمیں کورٹ پر پورا بھروسہ ہے۔