لکھنؤ:اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے عیش باغ میں واقع اسلامک سینٹر آف انڈیا Islamic Center of India میں کے زیر اہتمام ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں اُن طلباء کو اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے مدرسہ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد عصری تعلیم کا رخ کیا اور نیٹ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
حفاظ کرام کی نیٹ امتحان میں کامیابی اس پروگرام کی صدارت مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کی جبکہ شاہین گروپ کے چیئرمین عبدالقدیر خصوصی مہمان کے طور پر شامل رہے۔ پروگرام میں نیٹ امتحان میں کامیاب ہونے والے حفاظ کی گُل پوشی کی گئی اور انہیں مومنٹو بھی دیا گیا ہے۔ Shaheen Group of Institutions
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے حافظ محمد علی اکبر نے بتایا کہ 'ابتدائی تعلیم مدرسہ میں حاصل کی۔ اس کے بعد چار برس میں قرآن پاک حفظ کیا اسی دوران بارہویں کا امتحان میں شرکت کی جس میں 60 فیصد نمبرات حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ 'بارہویں کے امتحان میں نمبر کم آنے کے بعد ڈاکٹر بننے کا خواب نا ممکن سا لگنے لگا تھا اسی دوران شاہین اکیڈمی کے بارے میں معلوم ہوا جس میں داخلہ لیا اور سخت محنت و مشقت اور جد جہد کے بعد کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حافظ محمد علی نے کہا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مدرسہ کے طلباء عصری علوم میں نمایاں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں لیکن اس کے لئے محنت جذبہ اور لگن کے ضرورت ہے۔
حافظ محمد علی اکبر بتاتے ہیں کی 'بارہویں جماعت میں کم نمبر آنے کی وجہ سے نا امید ہو چکا تھا لیکن جب پتہ چلا کہ شاہین گروپ نے ایک کورس تیار کیا ہے جس کا نام ہے اے ایس یو جس میں اردو، کنّڑ اور انگلش میڈیم کے طلباء بآسانی مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کر سکتے ہیں۔ علی اکبر نے مزید کہا کہ 'نیک نیتی اور قومی کی خدمت کے جذبے سے سخت محنت اور کوشش کے ساتھ تعلیم حاصل کیا اور اس کا نتیجہ ہے کہ نیٹ امتحان میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ حافظ غلمان بتاتے ہیں کہ موجودہ وقت میں مدرسےوں کے بارے میں شبیہ قائم کی جا رہی ہے کہ مدارس کے طلباء اس عصری علوم سے واقف نہیں ہوتے ہیں یہ بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ میں دینی علوم کے ساتھ عصری علوم بھی پڑھایا جاتا ہے۔ اس کی تازہ مثال ہم سب ہیں جنہوں نے نیٹ امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ میں شریعت کے مطابق اخلاق و کردار اور عمل کو بہتر بنانے کی طرف توجہ دی جاتی ہے میڈیا جو نظریہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے وہ بالکل غلط ہے۔
اس دوران شاہین گروپ کے چئیرمین ڈاکٹر عبدالقدیر نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا 'میرا بہت پہلے سے ہی خواب تھا کی دینی اور دنیاوی تعلیم کا امتزاج ہو اس پر آج سے تیس برس قبل ہی کام شروع کر دیا تھا لیکن جب یہ ذہن میں آیا کہ جو طالب علم قرآن پاک کو حفظ کر سکتا ہے۔ وہ مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کیوں نہیں کر سکتا اس کے لیے ادارہ قائم کیا اور نہ صرف کرناٹک میں بلکہ ملک کے متعدد بڑے شہروں میں شاہین گروپ نے کوچنگ سینٹر قائم کیا اور آج 6 ہزار طلبہ و طالبات کوچنگ سینٹر میں زیر تعلیم ہیں گزشتہ کئی برسوں میں تقریبا 29 سو طلبا و طالبات کو سرکاری میڈیکل کالج میں بھیجنے کا کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ رہی ہے کہ عالم دین حافظ قرآن بہترین طبیب ہوا کرتے تھے۔ تجارت کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے تھے، بہترین سیاست دان کے ساتھ سبھی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیتے تھے اسی نظریہ کے ساتھ شاہین اکیڈمی نے کورس تیار کیا ہے اور مدارس کے طلبا کو اعلی تعلیم فراہم کررہی ہے۔ شاہین گروپ کے کوچنگ میں نہ صرف مسلم طلبا و طالبات علم حاصل کرتے ہیں بلکہ کسی مذہب کے طالب علم کے لئے کوئی پابندی نہیں ہے سبھی کو ایک ساتھ تعلیم دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لکھنؤ میں بھی متعدد کوچنگ سینٹر کھولنے منصوبہ ہے۔ جس کے بعد اتر پردیش اور بہار کے طلبا کو کرناٹک آنے کی ضرورت نہیں ہے، ان کا انتظام ان کے شہر میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ لکھنؤ میں اسلامک سینٹر آف انڈیا میں شاہین اکیڈمی نے کوچنگ کا انتظام کیا ہے جہاں پر بلا تفریق ملت و مذہب طلبا و طالبات مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کررہے ہیں۔