ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں مدرسہ بورڈ سے ہائی اسکول پاس کرنے والے طلبہ کو گورنمنٹ انٹر کالج داخلہ نہیں دے رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات مختلف اسکولوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ وہیں کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 'ان کا کالج ہندی میڈیم ہے اور مدرسہ بورڈ کے طلبہ اردو میڈیم سے آتے ہیں۔'
اترپردیش مدرسہ بورڈ کے طلبہ کے سامنے اب نئے مسائل کھڑے ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ رامپور میں کئی ایسے طلبہ و طالبات ہیں جو مدرسہ بورڈ سے ہائی اسکول پاس کیے ہیں اور اب وہ اترپردیش مادھیمک شکشہ پریشد کے گورنمنٹ انٹر کالج سے 11ویں کلاس میں داخلہ چاہتے ہیں لیکن ان کو کسی بھی سرکاری انٹر کالج میں داخلہ نہیں دیا جارہا ہے۔
طالبات کے سرپرست بھی در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں لیکن کہیں سے ان کو کوئی خاطر خواہ جواب نہیں مل رہا ہے۔ ان سرپرستوں کا کہنا ہے کہ 'وہ اپنی بچیوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں لیکن تمام دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود بھی ان کو داخلہ نہیں مل رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 'اگر کالج انتظامیہ کا یہی رویہ رہا تو ان کی بچیوں کا پورا سال برباد ہو جائے گا۔'