کورونا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اسکول کی تعطیلات میں مزید اضافہ کے بھی امکانات ہیں۔ 10 ماہ بعد کھلے اسکولز کو دوبارہ بند کئے جانے کے فیصلے پر رامپور میں خصوصی طور پر پرائمری اسکولز کے طلبا حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے حکومت اسکول بند نہ کرے بلکہ کوئی ایسا لائحہ عمل اختیار کرے جس سے طلبا کی تعلیم بھی متاثر نہ ہو اور مہلک وباء کورونا سے بھی محفوظ رہیں۔
کورونا ویکسین آجانے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گذشتہ دنوں تقریباً 10 ماہ بعد اسکولز کو کھولا گیا تھا۔ ابھی پورے طور پر نہ تو اسکولز میں تعلیمی سرگرمیاں معمول پر آ سکی تھیں اور نہ ہی نئے داخلہ لینے والے طلبا کی خاطر خواہ تعداد نظر آ رہی تھی لیکن ویکسینیشن کے دور میں ہی اچانک کورونا معاملوں کی رپورٹز سامنے آنے لگیں۔
ایک مرتبہ پھر کورونا پازیٹیو معاملوں میں تیزی آتے دیکھ کر اسکولوں کو 11 اپریل تک بند کر دیا گیا ہے۔ ایسے میں مسلسل اسکول بند رہنے سے پرائمری اسکولز کے طلبا اب حکومت سے اسکول کھولے جانے کی گزارش کرنے لگے ہیں۔