علیگڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ایک اسکول کے طلبہ کی آپسی لڑائی میں ایک طالب علم نے اسکول کے ایک جنریٹر سے ڈیزل نکال کر دوسرے طالب علم کے اسکول کے بستے پر ڈال کر آگ لگا دی جس میں وہ شدید طور پر جھلس گیا۔ طالب علم شدید زخمی حالت میں میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز اس کا علاج کر رہے ہیں۔ اسکول کے اندر آگ لگنے کی اطلاع پر کہرام مچ گیا، اساتذہ نے فوری طور پر زخمی طالب علم کو میڈیکل کالج علاج کے لئے داخل کروادیا، زخمی کے والد اے ڈی اے کالونی کے رہائشی نے تھانے میں شکایت دیتے ہوئے ملزم طالب علم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
آگ کا پورا معاملہ اسکول کے سائکل اسٹینڈ کا بتایا جا رہا ہے۔ اطلاع کے مطابق دونوں طلباء کے درمیان لڑائی پہلے سے چل رہی ہے کچھ روز قبل بھی ان کے درمیان لڑائی ہوئی تھی۔اے ایم یو انتظامیہ نے اس پورے معاملے پر ملزم طالب علم کو جلد بازی میں معطل کر دیا ہے اور ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور کہا ہے کہ بڑا فیصلہ کیا جائے گا۔