بریلی: پریاگ راج پولیس اشرف کے وارنٹ کے ساتھ پیر کی صبح بریلی جیل پہنچ گئی۔ امیش پال اغوا کیس کا فیصلہ 28 مارچ کو پریاگ راج کی عدالت میں سنایا جانا ہے۔ اس لیے بریلی جیل میں بند شہ زور رہنما عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کو عدالت میں پیش ہونا ہے۔ پریاگ راج پولس اور ایس ٹی ایف سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان اشرف کے ساتھ آج صبح پریاگ راج کے لیے روانہ ہوئی اور لیکر نینی جیل پہنچی۔ ساتھ ہی سابرمتی جیل میں بند مافیا عتیق احمد کو بھی پریاگ راج کے نینی جیل لایا گیا۔
عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف پر الزام ہے کہ انہوں نے سال 2006 میں امیش پال کا اغوا کیا تھا۔ امیش پال کا 24 فروری 2023 کو پریاگ راج میں قتل کیا گیا تھا۔ اغوا کے مقدمے میں عتیق احمد کے ساتھ ان کے بھائی اشرف کو بھی ملزم بنایا گیا تھا۔ اشرف کو 11 جولائی 2020 کو نینی جیل سے بریلی ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ تب سے وہ بریلی ڈسٹرکٹ جیل میں ہیں۔ اشرف کو بحفاظت عدالت لے جانے کے لیے 2 سی اوز سمیت 16 پولیس اہلکار تعینات تھے۔ عتیق احمد کی بہن نے عتیق اور اشرف کے مارے جانے کا امکان ظاہر کیا تھا۔