اترپردیش اسمبلی انتخابات 2022 میں آدھی آبادی کا سب سے زیادہ چرچا رہا۔ کیونکہ اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ خواتین امیدوار اس بار الیکشن میں ہیں۔ کانگریس رہنما پرینکا گاندھی کی 40 فیصد خواتین کو امیدوار بنانے کی حکمت عملی کے بعد سبھی سیاسی پارٹیوں کو اس حکمت عملی پر چلنا پڑا۔ جس کی وجہ سے 2022 اسمبلی انتخابات میں 13 فیصد خواتین امیدوار بنی۔ وہیں 2017 کے اسمبلی انتخابات میں 8.89 فیصد خواتین امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور کل 472 میں سے 42 خواتین امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی۔ جب کہ اس بار 13 فیصد خواتین امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ آج ہونا ہے۔
غور طلب ہے کہ انتخابات کے اعلان سے پہلے ہی کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے خواتین کی 40 فیصد حصہ داری کا اعلان کیا تھا۔ پرینکا گاندھی کے اس اعلان کا سیاسی حلقوں میں زبردست اثر ہوا۔ سماج وادی پارٹی اور بی جے پی نے اپوزیشن کانگریس کی 40 فیصد خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے اعلان پر سخت تنقید بھی کی تھی۔