باغپت: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں کھیل اور کھلاڑیوں کے لئے پوری طرح سے وقف اور ہر گاؤں میں اوپن جم اور کھیل کے میدان کا نظم کررہی ہے۔ باغپت دورے پر پہنچے وزیر اعلی پولیس لائن کے ہیلی پیڈ پر اترنے کے بعد سب سے پہلے موی کلاں گاؤں کے کسان انٹر کالج پہنچے جہاں ضلع کے اہم کھلاڑیوں کے ساتھ انہوں نے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومت کھیل اور کھلاڑیوں کی پوری حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ خود وزیر اعظم بین الاقوامی مقابلوں میں میڈل جیت کر آنے والے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر گاؤں میں اوپن جم اور کھیل کے میدان کا نظم کر رہی ہے۔ باغپت کے کھلاڑیوں کی حصولیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس چھوٹے سے ضلع کے کھلاڑیوں نے محدود وسائل کے بعد بھی جو مقام حاصل کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ اس دوران شوٹر دادی پرکاشی تومر نے ضلع میں ایک قمی شوٹنگ رینج قائم کرنے کامطالبہ کیا تو شوٹنگ کوچ ڈاکٹر راج پال سنگھ نے اپنی زمین دینے کا بھی اعلان کردیا۔