عوامی خدمات کمیٹی کے صدر شاکر یار خاں نوری، بریلی شہر کے لیے ایک ایسا نام ہے جس نے خدمت خلق کے لیے خود کو کسی دائرے تک محدود نہیں رکھا ہے بلکہ عوام کی جیسی ضرورت درپیش آئی، اسے حل کرنے میں مشغول ہو گئے۔ جیسے جیسے مشکل در پیش آتی گئی، اسے آسان کرنے میں دل و جان سے دن رات ایک کر دیا۔
شاکر یار خان نوری کا خاص شغل یہ ہے کہ وہ گزشتہ 14 برسوں میں تقریباً 100 سے زائد لاوارث لاشوں کو تدفین کرا چکے ہیں۔ وہ اپنے ہاتھوں سے لاوارث لاشوں کو غسل دیتے ہیں، نماز جنازہ بھی ادا کراتے ہیں اور قبرستان میں تدفین کرتے ہیں۔
خود کو یہیں تک محدود نہیں رکھا ہے، بلکہ کئی مجبور بے سہارا لوگوں کے کھانے کا انتظام بھی انکی کمیٹی کے ذمہ ہے۔
لاک ڈاؤن کے درمیان فاقہ کشی کے دہانے پر کھڑے کئی گھروں کی نشاندہی کرکے انہیں تینوں وقت کا کھانا مہیا کرایا اور دیگر ضروریات کا سامان بھی پہنچایا۔
کمیٹی کے کارکن کھانے کا پیکٹ لیکر نکلتے تھے اور نشاندہ گھروں کے دروازے پر پہنچکر لوگوں کو پیکٹ دے دیتے تھے۔ عوامی خدمات کمیٹی اسلامی مہینے ربیع الاوّل کی بارہ تاریخ کو 12 لڑکے۔لڑکیوں کی شادی بھی کراتے ہیں۔ اس شادی کے تمام اخراجات کی ذمہ داری کمیٹی کی ہوتی ہے۔