ریاست اُتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے شاہپور کے گاؤں تاؤلی میں واقع ایک تاریخی دینی ادارہ مدرسہ دارالعلوم حسینیہ تاولی واقع ہے۔
کورونا وائرس کے اس دور میں مدارس میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کے تعلیمی سرگرمیاں بھی کافی متاثر ہوئی ہیں۔ اب یہ ادارہ اپنے مدرسے کی تعلیمی سرگرمی کو دوبارہ شروع کرنے کی کے لیے لائحہ عمل تیار کررہا ہے اور طلبأ کی تعلیمی سرگرمی کو دوبارہ سے معمول پر لانے کے لیے تیزی سے کوشش کررہا ہے۔
اس سلسلے میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے دارالعلوم حسینیہ تاولی کے مہتمم مفتی عبدالصمد سے خصوصی بات چیت کی۔
کورونا وائرس نے مدارس پر بھی ڈالا برا اثر مفتی عبدالصمد نے اس تعلق سے بتایا کہ مدرسہ دارالعلوم حسینیہ تاولی نہ صرف اس علاقے کا بلکہ بھارت کے قدیم اور اپنے فیض کے اعتبار سے اعلی معیار پر قائم ایک ادارہ ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پوری دنیا آج کورونا وائرس نامی وبأ سے پریشان ہے اس سے اب تک جہاں بہت سارے نقصان سامنے ابھر کر آئے ہیں وہی ایک بڑا نقصان طلبأ کی تعلیم کا بھی ہوا ہے۔
اس وبأ کے دور میں جہاں بڑے بڑے تعلیمی ادارے مقفل ہوگئے تھے اب انھیں حکومتی گائیڈ لائن کے تخت دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مفتی عبد الصمد نے بتایا کہ مدرسہ انتظامیہ نے حکومت کی بتائی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اطراف کے رہائشی علاقوں کے چند طلبہ کو تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور طلبہ بھی بڑے شوق و لگن کے ساتھ ادارے میں آکر تعلیم حاصل کر رہے ہیں، امید ہے کہ آہستہ آہستہ اس نقصان کی تلاقی ہوجائے گی۔