UP Municipal Elections Results سماج وادی رہنما ڈاکٹر سرفراز خان سے خصوصی گفتگو - جونپور خبر
ڈاکٹر سرفراز نے بتایا کہ ظفرآباد کی عوام کی طرف سے ایک خوبصورت تحفہ عطا کیا گیا ہے، اس سے قبل مجھے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا مگر اس کے بعد سے مسلسل میں اپنی عوام کے بیچ رہا، ان کی خوشی و غم میں شامل ہوتا رہا۔ جس کا نتیجہ یہ رہا کہ آج مجھے کامیابی حاصل ہوئی۔
جونپور: اتر پردیش میں بلدیاتی انتخاب کا نتیجہ آچکا ہے، تمام کامیاب امیدوار اپنی کامیابی کا جشن منا رہے ہیں، جونپور میں کل نو نگر پنچایت نشست اور تین نگر پالیکا پریشد نشست ہے اس مرتبہ نو نشستوں میں سے چار نشستوں پر مسلمان امیدوار نے کامیابی درج کی ہے۔ اسی ضمن میں نگر پنچایت ظفر آباد نشست سے سماج وادی پارٹی کے رہنما اور سابق ضلع صدر اقلیتی شعبہ سماجوادی پارٹی ڈاکٹر سرفراز خان کی اہلیہ راحیلہ نے 818 ووٹوں سے عآپ امیدوار سندیپ کمار سیٹھ کو شکست دی ہے۔ ظفرآباد سے کل پانچ امیدوار انتخابی میدان میں تھے یہاں کل پانچ ہزار 619 ووٹ پڑے اور سب سے خاص بات یہ رہی کہ اب تک اس نشست پر پہلی مرتبہ کسی مسلم امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس موقع پر ای ٹی وی بھارت نے راحیلہ کے شوہر ڈاکٹر سرفراز خان سے خصوصی گفتگو کی ہے۔
ڈاکٹر سرفراز نے بتایا کہ یہاں سے مسلم امیدوار ہمیشہ انتخابی میدان میں ہوتا تھا مگر اپنے براداران وطن کو قریب نہ کر پانے کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑتا تھا مگر اس مرتبہ میں نے برادارن وطن سے ملاقات کرکے انہیں بھروسہ دلایا کہ ایک مسلم چئیرمین بھی ظفرآباد کی خدمت کر سکتا ہے اسے ترقی کی راہ پر لے جا سکتا ہے عوام نے میری باتوں پر عمل کرتے ہوئے میری بیوی راحیلہ کو کامیاب دلائی۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سرفراز نے کہا کہ انتخاب سے قبل میرے اوپر الزام عائد کرکے مجھے انتخابی میدان سے پیچھے کرنے کی جو سازشیں تھیں وہ ناکام ہوگئی ،عوام نے جب حقیقت کو جانا تو ہندو مسلم متحد ہوکر میرا ساتھ دیا اور اپنی محبت کو ووٹ میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین دس سال سے اس نشست پر قابض رہے مگر انہوں نے کوئی ترقی کا کام نہیں کیا ،یہی وجہ رہی کہ عوام نے مجھ پر بھروسہ کرکے مجھے کامیاب بنایا میں ان کی امیدوں پر کھرا اتروں گا۔
سرفراز خان نے کہا کہ میں نے انتخابی تشہیر کے دوران جو بھی وعدے کئے تھے وہ سبھی ظفرآباد کے لیے بہت ضروری ہے اپنے تمام وعدوں کو میں پورا کروں گا، انہوں نے کہا کہ ظفرآباد ہمیشہ نااہلوں کے ہاتھ میں رہا جنہوں نے کبھی ترقی کے لیے کوئی پیش قدمی نہیں کی اسی لیے عوام نے ترقی کی آس میں میرا انتخاب کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہمارے کاموں کی شروعات سڑک نالی سے کروں گا تاکہ عوام بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔
مزید پڑھیں:UP Municipal Elections Results 'یوپی میں مجلس کے 100 سے زیادہ کونسلر کامیاب، نگر پالیکا و نگر پنچایت کے پانچ امیدواروں کی جیت'
ڈاکٹر سرفراز نے کہا کہ اس مرتبہ بلدیاتی انتخاب میں سماجوادی پارٹی کے حق میں نتیجہ مایوس کن رہا ہے کہیں نہ کہیں غلطی ہوئی ہے جس پر غور و خوض کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ میں اپنی کامیابی کا سہرا ظفرآباد کی عوام اور گنگا جمنی تہذیب کو دوں گا جنہوں نے میری آواز بن کر مجھے کامیابی سے ہم کنار کیا۔