اترپردیش کے ضلع مظفر کے ککرولی مدرسے کے ناظم مفتی نوید اسعد قاسمی اور جمعیت علمائے ہند کے جنرل سیکرٹری مظفر نگر مولانا مکرم قاسمی صاحب نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ رمضان المبارک سے متعلق خاص بات چیت کی۔
مفتی نوید اسعد قاسمی نے بتایا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ چل رہا ہے۔ اس ماہ کے تین عشرے ہوتے ہیں۔ پہلا عشرہ رحمت کا، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا پہلا رحمت کا عشرہ 10 ویں روزے کو یعنی آج پورا ہو رہا ہے اور ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ یعنی مغفرت کا عشرہ کل سے شروع ہو جائے گا اس میں لوگ اللہ تعالی سے اپنی مغفرت کی دعائیں کرتے ہیں۔
مفتی نوید نے کہا کہ عشرے مغفرت میں اللہ تعالی ان لوگوں کی مغفرت فرماتے ہیں جو سچے دل سے توبہ کرتے ہیں، ایک حدیث میں آتا ہے کی گناہوں سے توبہ کرنے والا ایسا ہے جیسے کی وہ آج ہی پیدا ہوا ہو اس لیے اس دوسرے عشرے میں زیادہ سے زیادہ مغفرت کی دعا کرنی چاہیے۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا روزے اور قرآن دونوں بندے کے لئے شفاعت کریں گے، روزے عرض کریں گے اے پروردگار میں نے اس بندے کو کھانے پینے اور نفس کی خواہش پوری کرنے سے روکے رکھا تھا، آج میری سفارش اس کے حق میں قبول فرما اور قرآن کریم کہے گا کہ میں نے اس بندے کو رات کو سونے اور آرام کرنے سے روکے رکھا، آج اس کے حق میں میری سفارش قبول فرما چناچہ روزے اور قرآن کی سفارش بندے کے حق میں قبول کرلی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس مغفرت کے دوسرے عشرے میں رات کی تنہائیوں میں عشق ندامت بہا کر اپنے گناہوں پر شرمندگی کا اظہار کریں اور اپنے پروردگار کو راضی کریں۔
مولانا مکرم قاسمی نے کہاں کہ کورونا وائرس سے نجات کے لئے خاص دعاؤں کا اہتمام کیا جائے کیونکہ پہلا عشرہ پورا ہونے جارہا ہے اور دوسرا عشرہ شروع ہونے والا ہے۔ اللہ کے سامنے سجدہ ریز ہو کر رو رو کر دعائیں کی جائے تاکہ اللہ تعالی اس بیماری کو دور فرما دے۔
انہوں نے کہا کہ اس بیماری سے بچنے کے لیے ہمیں خاص طور سے ماسک، سینیٹائزر اور معاشرتی فاصلوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ بھیڑ والی جگہ سے بچنا چاہیے، کیوں کہ رمضان المبارک کے مہینے میں جو بھی دعائیں مانگی جاتی ہیں وہ انشاء اللہ قبول ہوتی ہے۔